کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیپلز امن کمیٹی کے رہنما ظفر بلوچ کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ لیاری کے علاقے بزنجو چوک میں پیش آیا۔ پیپلز امن کمیٹی کے رہنما ظفر بلوچ گاڑی میں سوار اپنے گھر جا رہے تھے کہ اچانک نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔
جس سے ظفر بلوچ شدید زخمی ہو گئے۔ انھیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی. لیاری میں صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہے جس کو کنٹرول کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے حرکت میں آگئے ہیں۔
ظفر بلوچ کی لاش کو لیاری جنرل ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونا شروع ہو گئی ہے. واضع رہے کہ 2011 میں بھی لیاری کے علاقے چاکی واڑہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ظفر بلوچ پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی تھی۔ حملے میں ظفر بلوچ سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔