کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر بلاول ہاؤس سے مواچھ گوٹھ تک ریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
جیالوں کو کھلاڑیوں اور پٹواریوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ بلاول ہاؤس سے شروع ہونیوالی ریلی مواچھ گوٹھ پہنچ کر جلسے میں بدل گئی جہاں رہنماؤں نے شرکاء سے خطاب کیا۔
اس سے پہلے سارے راستے جیالوں نے خوب رنگ جمایا۔ کوئی گاڑی پر سوار شریک ہوا۔ کسی نے موٹر سائیکل کو ہی سواری بنایا۔ پارٹی پرچموں کی بہار بھی جوبن پر رہی۔
ریلی کی قیادت پیپلز پارٹی کی سینئر رہنماء شیری رحمان نے کی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جیالوں کو کھلاڑیوں اور پٹواریوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ سینیٹر سعید غنی، فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنماء بھی ریلی میں شریک تھے۔