جوتے بازی ! عوام مکمل راضی

Political leader

Political leader

تحریر : ڈاکٹر میاں احسان باری
بڑے سیاستدانوں کی آپس کی گالم گلوچ ،ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے اشتعال انگیز زبان استعمال کرنا حتیٰ کہ بد تمیزیاں تک کر ڈالناایسے افعال ہیں جن سے انتخابات سے بھی قبل لڑائی جھگڑے شروع ہونے ،آپس میں جوتم پیزار ہوجانے ،سیاہیاں پھینکنے جیسی بھیانک حرکتیں شروع ہو چکی ہیںگو جوتے بازی کا یہ عمل قطعاً ناپسندیدہ ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے جس پر روایتی طور پر مخالف گرو ہ مذمتی بیانات بھی دیتا رہتاہے تاکہ “سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے ” مگر جوتا پھینکنے والے کے سیاسی سپورٹرز اور عام عوام خوب مزے مزے لیکر خوشیاں مناتے کہ وہ دیکھو آج فلاں لیڈر کو جوتے پڑ گئے۔

بعض مذمت بھی کرتے ہیں ۔ویسے جوتے پھینکنے کی تاریخ پرانی ہے یہ بین الاقوامی خبر بنی جب ایک عراقی نے 2008میں امریکی صدر پر جوتا پھینکاجس نے عراق میں امریکی کاروائیوں کے خلاف احتجاجاً ایسا کیادوسرا جوتا عراقی بیوائوں اور یتیم بچوں کی طرف سے امریکی کاروائیوں کے خلاف تھا جس کی زبردست پذیرائی ہوئی حتیٰ کہ ایک سعودی باشندے نے ان جوڑوں کی قیمت1کروڑ ڈالر لگا دی تھی بھٹو صاحب کے جلسہ عام میں لوگوں نے جوتے دکھائے تو انہوں نے کہا کہ ہاں مجھے پتاہے کہ جوتے مہنگے ہو گئے ہیں آجکل عوام جو کہ مہنگائی بیروزگاری اور غربت کی وجہ سے پانی میں ڈوب کر خو دکشیاں کرنے یا جل بھن کر مر جانے کو ترجیح دے رہے ہیں ان کے لیے تو جوتا بازی سے بھی کوئی مزید بڑا ایکشن ان سبھی جغادری سیاستدانوں کے خلاف ہونے کے خواہشمند ہیںجو70سالوں سے ملک کے وسائل پر قابض ہو کر انہیں دونوںہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

وہ تو ان سبھی لوٹا نما نام نہاد سیاستدانوں کو دریا برد ہی نہیں سمندر غرق ہو تا دیکھنا چاہتے ہیں بلکہ کئی کی تو یہ رائے ہے کہ ان سبھی بھاری سرمایوں کے ذور پر ہمیشہ ہی منتخب ہو جانے والے کرپٹ وڈیروں ،ظالم جاگیرداروں ،نو دولتیے سود خور سرمایہ داروں ،ناجائز منافع خور صعنتکاروں اور ایسے ہی دیگر ناجائز کمائیاں کرنے والوں کو پکڑ کر اگر سمندر میں وہیل مچھلیوں کی خوراک بننے کے لیے پھینک ڈالا جائے تو منوں مٹھائیاں تقسیم ہوں گی خواہ عوام کو بدستور اسی طرح راتوں کو بھوکوں سونا پڑے در اصل تو بڑی پاپو لر جماعت کو دیکھ کر مفاد پرست لوٹا سیاسی گروبھاگ کر اسی کی مڈھیڑ پر آ بیٹھتے ہیںاور جب اس کی ایسی تیسی ہونا شروع ہوتی ہے تو بھاگم بھاگ دوسرے مقتدر ہوجانے والے گروہ کے ساتھ مل جاتے ہیں۔

عمران خان اچھا بھلا نوجوانوں بالخصوص سیاسی کارکنوں میں پاپولر ہوا تھا مگر جب اس نے اپنے دَر ان کے لیے واکردیے جو کہ ہمیشہ ہی میر جعفر و میر صادق کا کردار ادا کرتے ہوئے بھاگ کرچلتی اقتداری ٹرین میں سوار ہو جاتے ہیں تو اب عام آدمی ان میں و دیگر70سال سے اقتدار انجوائے کرنے والوں میں کوئی فرق محسوس نہیں کرتا۔مگر عوام کیا کریں ؟کہاں جائیں ؟آگے کھائی پیچھے دریا والا معاملہ در پیش ہے جب کسی لیڈر سے آس لگاتے ہیں تو وہ پھر انہی راندۂ درگاہ طبقات کوگلے لگا کر عوام پر دوبارہ سوار کر ڈالتا ہے کہ جن کی نفرت کی وجہ سے انہوں نے مخصوص لیڈر کو پسند کیا تھا سیاسی کارکن تو سخت مایوسی کے عالم میں ہیں کہ کدھر جائیں ؟ کس رو سیاہ کو رہبر مانیں ” نہ جائے ماندن نہ پائے ر فتن”پھر انتخاب تو اب صرف سرمایہ کی دوڑ کا نام رہ گیا ہے جو زیادہ مال لگائے گا وہی کامیاب ٹھہر سکے گاجب کروڑوں اربوں خرچ کرکے یہی لوٹے دوبارہ اقتدار میں آئیں گے تو پھر سرکاری خزانے کا حشر نشر پہلوں سے زیادہ کریں گے کہ انہوں نے الیکشنی خرچے توپورے کرنے ہیں !حال تو” اس بازار” کی طرح ہو چکا کہ” وہ “اسی کی ہوتی ہے جو ڈھیروں مال نچھاور کرسکے ! شورش کا شمیری نے خوب کہا

ہمارے ملک کی سیاست کا حال مت پوچھ
گھری ہوئی ہے طوائف تماش بینوں میں

اب تو با کردار و بااصول افراد کا منتخب ہونے کا چانس بالکل ہی ختم ہو چلا کہ مال لگائو پھر کمائو اور رفو چکر ہو جائو کا فارمولا چل رہا ہے سیاست کبھی کی کاروبار بن چکی اسی لیے تو متحارب گروپس اے ٹی ایم مشینوں کی تلاش میں سر گرداں ہیں بھٹو صاحب کی پارٹی میں جب روایتی وڈیروں نے شامل ہو کر 1977کے انتخابات میں سبھی عہدے اور اسمبلی کی سیٹوں پر قبضہ کرلیا تو ا ن کی پھانسی پر ہمالہ کیا روتا؟ٹکٹ ہو لڈر اور عہدوں پرقابض لیڈر گھروں میں دبک کر بیٹھ گئے کوئی موثر تحریک نہ چل سکی کارکن جو وڈیروں کے ہی ستائے ہوئے تھے وہ کیوں باہر نکلتے ؟بعد ازاں 100%”صاحب” نے انقلابی پارٹی کے مکمل کفن دفن کا بخوبی انتظام کر ڈالادوسری طرف مذہبی پارٹیاںلاکھ کہیں کہ ہیں مگر نہ ہیں کہ1977کی نظام مصطفی کی تحریک کے بعد ضیاء الحقی کابینہ میں جا بیٹھنا انہیں ہمیشہ سے ہی عوام سے دور کر گیا کہ قربانیاں دینے اور شہادتیں قبول کرنے والوں کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہو گیا تھا کہ لیڈران فوجی ڈکٹیڑ کی کابینہ میں وزیر بن بیٹھے۔

اب تو بھوکوں مرتے عوام اکٹھے ہو کر پاکیزہ ترین لفظ اللہ اکبر کے نعرے لگاتے تحریک چلا کر اپنے جیسے مزدور کسان راہنمائوں کو مقتدر دیکھنا چا ہتے ہیں جس کے لیے وہ خدا کے حضور سر بسجود ہو کرگڑ گڑاتے ہو ئے دعائیں بھی کر رہے ہیں اور تمام فرقوں مسلکوں طبقوںعلاقائی گروہوں اور قابل قبول مشترکہ نام اللہ اکبر کی تحریک کو ہی مقتدر کر ڈالنے کے خواہاں ہیں جس کی حکمرانی میں کوئی پرانا وڈیرہ وزیر سفیر شامل نہ ہو نئی قیادت سامنے آئے اور ملک سے غربت افلاس بیروزگاری مہنگائی اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ملک کو فلاحی مملکت میں تبدیل کر ڈالے۔

Dr Mian Ihsan Bari

Dr Mian Ihsan Bari

تحریر : ڈاکٹر میاں احسان باری