اسلام آباد (جیوڈیسک) مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین الیکشن سے فرار کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں لیکن ہم کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ دنیا کی کوئی طاقت نواز شریف کو نہیں روک سکتی۔
اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم ووٹ کو عزت دلوائیں گے اور آپ کی طاقت سے ناانصافی والا فیصلہ بھی تبدیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹے الزامات لگائے تھے، اس لیے کوئی باہر نہیں نکلا تھا۔ جب نواز شریف باہر نکلے گا تو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔
مریم نواز نے تنبیہ کی کہ اگر دھاندلی کرنے کی کوشش کی تو یاد رکھنا نواز شریف جی ٹی روڈ سے لاہور آ سکتا ہے تو پھر لاہور سے اسلام آباد بھی جا سکتا ہے کیونکہ جب نواز شریف نکلتا ہے تو پھر آدھے راستے پر ہی کام پورا ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ووٹ کی عزت کا جھنڈا اٹھا کر میدان میں نکلا ہے۔ دھمکیاں دینے والوں کو شکست اور (ن) لیگ کو فتح ہو گی۔ کارکن 25 جولائی کو آندھی اور طوفان کی طرح باہر نکل کر ووٹ دیں۔