لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کیلئے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کا گٹھ جوڑ عوام نے مسترد کر دیا ہے، عوام کا ٹھا ٹھیں مارتا سمندر حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا۔ کراچی، لاہور اور میانوالی کے جلسے حکمرانوں پر بجلی بن کر برسے ہیں۔ گو نواز گو کی تحریک کے سلسلے میں منعقد ہونے والے جلسوں میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانیوں کی شرکت حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہے ، شہباز شریف اور مریم نواز کا رویہ اشتعال انگیز ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں پر کہیں بھی تشدد ہوا تو اس کی ذمہ داری شہباز شریف اور مریم نواز پر عائد ہوگی۔
ادھر تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ کو نامکمل کہنا مجرمانہ سوچ، عدلیہ پر عدم اعتماد اور انصاف کا خون ہے۔ دریں اثنا تحریک انصاف کے زیر اہتمام گزشتہ روز بھی ڈیفنس کے لالک چوک میں مرکزی نائب صدر ڈاکٹر سیمی بخاری کی زیر قیادت دھرنا جاری رہا جس میں خواتین ،بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعد اد نے شرکت کی۔