کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ سا ئٹ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ملک کو سیکولرزم کی طرف دھکیلنے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں ،سیاسی جلسوں میں مخلوط اجتماعات اسلام کی روح کے منافی ہیں، سیاستدانوں کو جلسوں میں غیر اسلامی افعال گریزکرنا چاہیے، عوام دعاکرے قوم کے مخلص لوگوں کو اقتدار مل جائے ،قوم کو سوچنا ہو گا نااہل اور کرپٹ عناصر ہی ہمیشہ اقتدار میں کیوں آتے ہیں۔
پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ کسی بھی وزیر اعظم کااپنی اقتدار کی مدت پوری نہ کر نا سیاستدانوں کی نااہلی ہے اداروں کو تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے، اگر سیاستدان درست روش پر قائم رہتے اور ملک کو چلانے کی اہلیت رکھتے تو ایسا ہر گز نہیں ہوتا، انہوں نے کہاکہ اقتدار اللہ کی دین ہے جس نے بھی غلط استعمال کیا اللہ نے اسے نشان عبرت بنایا ہے ، اسلیے عوام اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرے کہ قوم کو مخلص حکمران مل جائے ہیں انہوں نے کہاکہ موجودہ سیاستدانوں سے عوام کا اعتماد اٹھ رہا ہے الیکشن سے قبل سیاستدان عوام کے خادم بن جاتے ہیں اور الیکشن کے بعد یہی عوام کیلئے وبال جان بچ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں قیام امن کا کریڈیٹ کسی حکومت کو دینا درست نہیں نہ ہی کسی سیاستدان کا اس میں کوئی کمال ہے بلکہ یہ اداروں کی محنت ، آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کی مرہون منت ہے ،آج شہر در شہر امن کا گہوارہ ہے اور باقی ماندہ دہشتگردوں کا بھی گیرہ تنگ کیا ہواہے ، انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے متنازع بیان سے ملک دشمن عناصر کو پروپیگنڈوں کا موقع ملا ہے اس لیے سیاستدانوں کا بیان بازی میں احتیاط کرنی چاہیے ، انہوں نے کہاکہ ایک طرف جموں کشمیر میں بھارت کشمیریوں کے آزادی کو سلب کیے ہوئے ہے اور آئے روز وہاں قتل عام اور شہادتیں ہورہی ہیں عالمی برادری بھی خاموش ہے تو دوسری جانب متنازع بیان سے کشمیر کاز کونقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی اور جس بیان کو لیکر بھارتی میڈیا عالمی سطح پر پروپیگنڈوں میں مصروف ہوچکاہے ، انہوں نے کہاکہ میڈیا کو بھی اس طرح بیانات چلانے میں احتیاط کرنی چاہیے۔