لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہےکہ عوام وعدہ کریں کہ 17 ستمبر کو مہروں کی سیاست دفن کردیں گے۔
پاناما کیس میں میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی این اے 120 کی نشست پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز ہیں جب کہ تحریک انصاف نے ان کے مدمقابل ڈاکٹر یاسمین راشد کو میدان میں اتارا ہے۔
کلثوم نواز ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جس کے باعث ان کی انتخابی مہم مریم نواز چلا رہی ہیں جس کا انہوں نے باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے مزنگ چونگی میں پارٹی کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا جس کے بعد انہوں نے داتا دربار پر حاضری بھی دی۔
اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کارکنان سے سوال کیا، کیا پاکستان کو سڑکوں کا جال دینے والا شخص نااہل ہوسکتا ہے، کیا پاکستان کو سی پیک جیسا تاریخی منصوبہ دینے والا شخص نااہل ہوسکتا ہے، کیا پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا شخص نااہل ہوسکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ این اے 120 وہ حلقہ ہے جس نے ایک دو بار نہیں بلکہ 3 بار نوازشریف کو وزیراعظم منتخب کیا، کیا آپ چوتھی بار تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ووٹ کی جو بے حرمتی کی گئی، جو بے توقیری کی گئی، آپ کے ووٹ کی جو بے عزتی کی گئی، کیا اس بے عزتی کا جواب 17 ستمبر کو دو گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جو آپ سے ووٹ مانگنے آرہے ہیں، ان سے پوچھو کہ لاہور کے لیے انہوں نے کیا کیا، ان سے پوچھو جہاں ان کو لوگوں نے ووٹ دیا وہاں انہوں نے کیا کیا، لاہور کے باہر تقریر کرکے لاہور اور لاہور والوں کو نشانہ بناتے ہیں، لاہور کی ترقی کے خلاف بات کرنے والے کس منہ سے ووٹ مانگنے آرہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف پچھلے چار سال سے چپ بیٹھے تھے، اب بول رہے ہیں تو کیوں تکلیف ہورہی ہے، نواز کے خلاف پچھلے ڈیڑھ سال سے مقدمے چل رہے ہیں، مقدمہ پاناما سے شروع ہوکر کہاں ختم ہوا، جو مقدمہ کرپشن کے الزمات سے شروع ہوا اور پاناما پر ختم ہوا تو اس نے ثابت کیا کہ آپ کا لیڈر نواز شریف صادق بھی ہے اور امین بھی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ دھاندلی، اقامہ، پاناما صرف ایک بہانہ ہے، عوام وعدہ کریں 17 ستمبر کو مہروں کی سیاست کو دفن کردیں گے، عوام بتائیں ان سازش کرنے والوں کو جواب دیں گے اور کلثوم نواز کو جتائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 17 ستمبر لاہور اور شیر بولے گا، جو جواب اس روز عوام دیں گے وہ پوری دنیا کو جائے گا۔