کراچی (جیوڈیسک) ایم اے جناح روڈ کراچی میں جمعیت علماء اسلام کے تحت منعقدہ تحفظ ناموس رسالت، تحفظ حرمین شریفین اور تحفظ مدارس ریلی اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ فلسطین اور عرب بھائیوں کے ساتھ ہیں اور آج بھی ملک کا بچہ بچہ سعودی عرب کے ساتھ ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے نام پر جنگ امت مسلمہ کے وسائل پر قبضہ کرنے کی جنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے اور پالیمنٹ کو دینی مدارس کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔
نیشنل ایکشن پلان کا واحد مقصد دینی مدارس کو ختم کرنا اور طلبہ کو دہشت گرد کے طور پر پیش کرنا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے جسے نئے پاکستان کے نام پر لبرل اور سیکولر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ایسا ہونے نہیں دیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیرمین سینٹ اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت کے قانون میں ترمیم یا اسے ختم ہونے نہیں دیں جبکہ جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ جے یو آئی سندھ کی تقسیم اور نئے صوبے کی مخالفت کرتی ہے اگر نیا صوبہ بنایا گیا تو مزاحمت کریں گے۔