ملتان (جیوڈیسک) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے عمران خان نے ساری زندگی کوئی سنجیدہ کام نہیں کیا، وہ ایک غیر ضروری عنصر ہیں سارے ملک میں دھاندلیاں ہوئیں ہیں جو دھاندلی کے ذریعے قوم پر مسلط ہوا، وہی دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں۔ ملتان میں جامعہ قاسم العلوم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان شروع سے وقت ضائع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان اور حکومت کے مذاکرات کے عمل سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ مذاکرات کامیاب ہو جائیں اور امن ہو، مذاکرات کی کامیابی کے لئے حکومت نے کوئی سنجیدہ راستہ اختیار نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور انڈیا کا انتخابی عمل ان کا ذاتی معاملہ ہے۔ پاکستان کو بہترین خارجہ پالیسی کے ذریعے پڑوسیوں سے تعلقات قائم کرنا ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خواہش ہے کہ دینی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں۔