کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عوام کی جانب سے آمروں کے احتساب کا مطالبہ ان کی جمہوری خواہشات کا عکاس ہے اس لئے عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کو ضرور سزا ملنی چاہیئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین کی حکومت کا تختہ الٹنے اور ملک میں آمریت کے 37 برس مکمل ہونے پر سابق صدر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس روز ایک آمر نے ایک منتخب وزیراعظم کی حکومت برطرف کی اور بعد میں اسے پھانسی دے دی، آئین کو مسخ اور ریاست کے اداروں کو تباہ و برباد کیا، یہ دن اس بات کی یاددہانی کراتا ہے کہ ہم جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد کرتے رہیں۔
پاکستان کے عوام نے ہمیشہ طاقت کے دباؤ میں آنے سے انکار کیا ہے اور آمریت کے جبڑوں سے اپنے حقوق چھینے ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے آمروں کے احتساب کا مطالبہ ان کی جمہوری خواہشات کا عکاس ہے اس لئے عوام کے حقوق کے غصب کرنے والوں کو ضرور سزا ملنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اظہار کرنا چاہیئے کہ ہم جمہوریت کے فروغ اور تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ ہمارے عوام ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہیں اور تمام لوگوں کے لئے ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔