فیصل آباد: تحریک انصاف کی مرکزی رہنما فوزیہ قصوری اور ڈاکٹر ونگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر انیسہ فاطمہ نے کہا ہے کہ عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر سے وزیر اعظم کو پتہ چل گیا ہے کہ اب ان کی رخصتی کا وقت قریب ہے اور انہوں نے اپنے دوبارہ سوٹ کیس تیار کرنے شروع کر دئیے ہیں پانامہ لیکس کے جواب دینے کی بجائے عمران خان پر تنقید وزیر اعظم کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ان خیالات کا اظہار سپورٹس ونگ تحصیل کے صدر شان اقبال اور سپورٹس ونگ تحصیل تاندلیانوالہ کے کے نائب صدر مہر عنصر جاویدکی قیادت میں ملنے والے وفد سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے شریف خاندان کا کچھا چٹھا کھول کر رکھ دیا ہے شریف برادران نے دنیا بھر میں پاکستان کے منہ پر کالک ملی ہے ہر طرف ان کے چرچے ہیں عدالتوں کے پیچھے چھپنے والے اور ہسپتالوں میں سوچی سمجھی سازش کے تحت لڑائیاں وغیرہ کرانے والوں کو عوام پہچان چکے ہیں (ن )لیگ شعبدہ بازی کی ماہر ہے کرپشن کا حساب مانگنے پر وزیر اعظم دو بار ٹی وی پر خطاب کرچکے ہیں جبکہ بھارتی جاسوس کے پکڑے جانے پر ان کی زبانیں بند تھیں اب کرپشن کا پنڈورا باکس کھل چکا ہے حکمرانوں کو حساب دینا ہوگا۔پانامہ لیکس میں نام آنے کے بعد نواز شریف کو بے قصور ثابت ہونے تک حکومت کرنے کا حق نہیں ہے وزیراعظم اخلاقی قوت کے بغیر حکومت نہیں کرسکتے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو کس منہ سے کہیں گے کہ آپ ٹیکس چوری کررہے ہیں اور اثاثے چھپا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومتی عدالتی کمیشن کا ا علان احتساب کو دفن کرنا ہے جوڈیشل کمیشن کے ٹرم آف ریفرنسز سے ثابت ہوتا ہے کہ میاں نواز شریف بے قصور نہیں ہیں ٹرم آف ریفرنسز اپوزیشن کے ساتھ مل کر طے کرنا تھے نواز شریف خود ہی ٹرم آف ریفرنس طے کررہے ہیں جو خود قصور وار ہیں کمیشن میں انٹرنیشنل فرانزک آڈیٹر کو شامل کیا جائے وزیراعظم کا احتساب ہوگا اس کے بعد دوسروں کا احتساب ہوگا پانامہ لیکس میں کئی لوگوں کے نام ہیں اس سے کئی سال لگ جائیں گے نواز شریف کو اپنے ٹیکس ریٹرن بھی ظاہر کرنا ہونگے۔