لوگ اب موروثی خدمت گاروں کے مکروہ عزائم سے بخوبی واقف ہو چکی ہے: احمد فراز

PTI

PTI

وزیرآباد: نام نہاد موروثی خدمت گاروں سے نجات حاصل کئے بغیر ملک ترقی کی راہوں پر نہیں ڈالا جا سکتا۔ کروڑوں پاکستانیوں سے ترقی کے جھوٹے وعدوں پر باری باری حکومتیں کرنے والوں کی نسلیں قوم کو گمراہ کرنے کیلئے میدان عمل میں ہیں۔ لوگ اب موروثی خدمتگاروں کے مکروہ عزائم سے بخوبی واقف ہو چکی ہے نئی نسل جذباتی تقریروں سے متاثر ہو نے والی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو بار ی باری آزما کردیکھ لیا ہے۔ زرداری دور حکومت کے5سالہ دور کو عوام نے ملکی معیشت اور قومی معاملات کیلئے بدترین گردانتے ہوئے انہیں یکسر مسترد کردیا جبکہ طے شدہ (ن) لیگی اقتدار کے پہلے سال میں ہی ملکی معیشت کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا گیا بیرونی قرضوں میں کئی گنا اضافہ ہوا اور عام آدمی مسائل کے گرداب میں اس قدر پھنس چکا ہے کہ اسے نکلنے کا کوئی رستہ نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں پاکستانیوں کو اب مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے نتیجہ میں قوم غلام ذہنیت سے باہر آچکی ہے اب لوگوں کو اپنے آبائو اجداد اور نام نہاد شہادتوں کے واسطے دیکر مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اﷲ آنے والا وقت پاکستانی قوم کا ہوگا وہ وقت دور نہیں جب بادشاہوں کے خاندان قانون کے کٹہروں میں ہوں گے اور بھرپور احتساب کے نتیجہ میں قوم ان سے لوٹی ہوئی دولت کا حساب لے گی۔