لوگوں کو روکنا مشکل ہو گیا، چیف جسٹس چاہیں تو خونی انقلاب روکا جا سکتا ہے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک خانہ جنگی کی جانب بڑھ رہا ہے ، اب لوگوں کو روکنا مشکل ہو رہا ہے ، ان کا کہنا ہے چیف جسٹس چاہیں تو خونی انقلاب روکا جا سکتا ہے ، پولیس غیر قانونی کام کر رہی ہے ، پولیس نے اب زیادتی کی تو کارکنوں کو نہیں روک سکوں گا۔

عمران خان نے حسب روایت کنٹینر کی چھت سے خطاب کرتے ہوئے کہا عدلیہ سے گزارش ہے کہ غیرقانونی اقدامات نہ ہونے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ ملک کو انارکی اور سول وار سے بچایا جائے۔

عمران خان نے کہا پولیس اہلکار دھرنے سے واپس جانے والوں کو پکڑ لیتے ہیں۔ نواز شریف پولیس سے غلط کام کرا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے تشدد جاری رکھا تو آئی جی طاہر عالم کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اب زیادتی کی تو وہ کارکنوں کو نہیں روک سکیں گے۔