کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں آج یوم پاکستان کی تقاریب جوش وخروش سے منائیں جائیں گیں۔ آج طویل عرصہ بعد 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی علامتی مشترکہ پریڈ بھی ہوگی۔ قومی دن منانے کے لیے پاک فضائیہ کے طیاروں نے اسلام آباد میں فلائی پاسٹ مشقیں کیں۔
یوم پاکستان پر مسلح افواج کی آخری بار مشترکہ پریڈ سال 2008 میں ہوئی اور پرویز مشرف نے اس کا بطور صدر معائنہ کیا تھا تاہم سیکیورٹی وجوہات کے باعث یہ پریڈ بھی پریڈ ایونیو کی بجائے اسپورٹس کمپلیکس میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں ایک بار بھی یوم پاکستان پریڈ منعقد نہ کی جا سکی۔ وجہ ٹھہری سیکورٹی کے حالات۔ وطن عزیزکودہشت گردی کاسامنا اب بھی ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پانچ ہزار سے زائد افسر اورجوان اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں تاہم قوم اور اداروں کا موارال بلند کرنے کے لیے اس سال صدر ممنون حسین کی خواہش پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ایوان صدرمیں منعقد کی جا رہی ہے تاہم یہ محدود پیمانے پر ہوگی۔
اس میں پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئے پاک فضائیہ کے جدید جنگی طیاروں نے ا سلام آباد کی فضاوٴں میں کرتب دکھانے کی مشق کی۔ ا یوان صدر میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں صدر کے ساتھ وزیر اعظم، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفارت کار، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ پاکستان کا جھنڈا فضا میں بلند ہوگا۔ مسلح افواج کے دستے مشترکہ پریڈ کریں گے۔آخرمیں صدر ممنون حسین قومی اعزازات اور ایوارڈز بھی تقسیم کریں گے۔