عوام یہ بات جانتے ہیں کہ روایتی و استحصالی سیاستدانوں نے ہمیشہ ان کے حقوق غصب کئے

APML

APML

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ سمیت پاکستان کے تمام عوام یہ بات جانتے ہیں کہ روایتی و استحصالی سیاستدانوں نے ہمیشہ ان کے حقوق غصب کئے اور انہیں غلام بنا کر رکھا ہے جبکہ پرویز مشرف کا سابق دور اقتدار اس بات کا گواہ ہے کہ انہوں نے سندھ ‘ پنجاب ‘ بلوچستان ‘ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان و آزادکشمیر سمیت وطن عزیز کے ہر خطے کے عوام کو یکساں حقوق اور ترقی و خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کرکے عوام کو خوشحال ‘ خود مختار اور با اختیار بنایا۔

یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کے عوام پرویز مشرف کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے خواہشمند ہیں اورآج حیدرآباد میں ہونے والے اے پی ایم ایل کے جلسہ عام میں ہزاروں افراد کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کو ثابت کرے گا کہ پاکستان کے عوام مشرف کے ساتھ ہیں۔

استحصالی عناصر نہ تومشرف کا کچھ بگاڑسکتے ہیں اور نہ ہی عوام کے مینڈیٹ کے ذریعے انہیں اقتدار میں آنے سے روک سکتے ہیں ۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے آج حیدرآباد میں ہونے والے اے پی ایم ایل کے جلسہ عام کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آر سی ڈی گراونڈ حیدرآباد میں آج یعنی جمعہ یکم مئی کوشام4بجے ہونے والے جلسہ عام میں حیدرآباد و کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام بڑی تعداد میں شرکت کرکے نہ صرف مشرف سے والہانہ اظہار محبت ‘ ان پر اعتماد ‘ ان کے اقتدار کیلئے اپنی خواہش کا اظہار اور جدوجہد کا عزم کریں گے بلکہ یہ جلسہ عام آل پاکستان مسلم لیگ کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور سیاسی قوت کا مظہر ثابت ہونے کے ساتھ اس جلسہ عام سے پرویز مشرف کا خطاب وطن عزیز اور بالخصوص سندھ کی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جلسہ عام سے پرویز مشرف کے علاوہ اے پی ایم ایل کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد ‘ مرکزی سیکریٹری اطلاعات راشد قریشی ‘سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی ‘ جنرل سیکریٹری شاہد قریشی ‘ سیکریٹری اطلات طاہر حسین سید اور کراچی و حیدرآباد کے صدور کے علاوہ کئی اور اہم شخصیات بھی خطاب کریں گی۔