قوم کیلئے اپنا مستقبل سنوارنے کی گھڑی آگئی۔الیکشن دوہزار تیرہ کیلئے پولنگ شروع ہوگئی. الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح آٹھ سے بلا تعطل پانچ بجے تک جاری رہے گا، پولنگ اسٹیشنز پر موبائل فون کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں آٹھ کروڑ اکسٹھ لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹرز اپنے ووٹ اور پولنگ اسٹیشن کے بارے میں آٹھ تین صفر صفر پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
کوئی ووٹر جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش نہ کرے. جعلی ووٹ ڈالنے والا پکڑاجائیگا. الیکشن دو ہزار تیرہ میں پہلی بار باتصویر انتخابی فہرستیں استعمال کی جائیں گی.نادرہ کی طرف سے مہیا کی گئی انتخابی فہرستوں میں ہر ووٹر کے نمبر کے سامنے اسکی تصویر بھی موجود ہے۔ بیلٹ پیپر جاری کرتے وقت ہر ووٹر سے خصوصی سیاہی سے انگوٹھا لگوایا جائے گا. پولنگ اسٹیشنز پر موبائل فون کی اجازت نہیں ہوگی۔
موبائل فون رکھنے والے ووٹر کو ووٹ کاسٹ کرنے سے پہلے اپنا موبائل پریذائڈنگ آفیسر کیسامنے رکھنا ہوگا جو بعد میں واپس کر دیا جائے گا۔ جو موبائل فون جمع نہیں کرے گا اسے بیلٹ پیپر جاری نہیں کیا جائے گا، ووٹ کے لئے نادرا کا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ضروری ہے۔
نادرا کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے بغیر ووٹ نہیں ڈالا جاسکے گا، پرانے شناختی کارڈ ووٹ کے لئے استعمال نہیں کئے جاسکیں گے، نادرا کا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی مدت اگر ختم ہوگئی ہے تو ووٹ کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اور امیدوار پولنگ اسٹیشن کے قریب کیمپ نہیں لگا سکیں گے۔پولنگ اسٹیشن کے قریب ووٹ کی پرچیاں بھی تقسیم نہیں کی جائیں گی۔