عوام پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے میاں برادران اور مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنائیں ، زرداری اور اُسکے حواری ملک پر بیماری کی طرح پانچ سال مسلط رہے
Posted on April 27, 2013 By Tahir Webmaster گجرات
گجرات : عوام پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے میاں برادران اور مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنائیں ۔ زرداری اور اُسکے حواری ملک پر بیماری کی طرح پانچ سال مسلط رہے ۔ عوام گیارہ مئی کو انہیں ووٹ کی طاقت سے مسترد کر کے سیاست سے بھی ہمیشہ کی طرح آؤٹ کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار ٹکٹ ہولڈر مسلم لیگ (ن) حلقہ پی پی 115چوہدری شبیر احمد کوٹلہ نے باہروال , بدرمرجان ,ڈومیان ,سہنہ ,ملک پور ,دھنی اور چکوڑہ میں منعقدہ حمایتی اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی حکمران مفاد پرست ٹولہ تھا۔ جسے عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں صرف اپنا اقتدار عزیز رہا ‘ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ووٹ کی پرچی کو انکے خلاف برچھی کے طور پر استعمال کریں ۔ ملک کو اندھیروں میں ڈبونے والوں کے غرور کا سورج اب غروب ہونے کو ہے ۔ قوم پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے میاں برادران اور مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنائی۔
میاں محمد نواز شریف ملک و قوم کے خیر خواہ ہیں ۔ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں نہ صرف ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا بلکہ ایٹمی قوت بنا کر دشمن کے سامنے ناقابل ِ تسخیر کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی سے وابستگی وفاداری پر مبنی ہے۔ ہماری وفاؤں کے صلہ میں ہی قیادت نے ہمیں قومی و صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں کیلئے ٹکٹ سے نوازا ہے۔
ہم انشاء اللہ اعتماد پر پورا اتریں گے اور عوام کی محبتوں اور خلوص کو بھی کبھی فراموش نہیں کرینگے ۔ ہماری سیاست خدمت کی سیاست ہے کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں اپنے والد چوہدری عبدالمالک کوٹلہ اور چوہدری عبدالخالق کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔ چوہدری عابد رضا کے شانہ بشانہ میاں برادران کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے استحکام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔