پیپلز پارٹی کا کسانوں کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ میں کسانوں کے معاملے پر حکومت کوٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ میں کسانوں کے مسائل اٹھانے کے لئے پیپلز پارٹی کے ارکان کی ہائوس کمیٹی بنانے کی منظوری دیدی۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی کے متعدد اجلاسوں کے بعد کسانوں کے معاملات پارلیمنٹ کے اندر بھرپور طریقے سے اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

اس ضمن میں پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی پر مشتمل ہائوس کمیٹی بنانے کی منظوری دیدی ہے جس کے لئے ارکان کے ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ہائوس کمیٹی کو ایوان میں کسانوں کے مسائل اٹھانے کا ٹاسک دیا جائے گا ۔ آصف علی زرداری نے پارٹی کے آئندہ انتخابی منشور میں کسانوں کا باب شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جس کے لئے جلد پارٹی کی ایک کمیٹی انتخابی منشور کے لئے پارٹی کی زرعی پالیسی کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔

آصف علی زرداری نے پارٹی کو جاری نئی ہدایات میں واضح کیا ہے کہ کسانوں کے مسائل پر حکومت کو قطعی رعائت نہیں دی جائے گی ۔