جوکچھ پیپلز پارٹی نے پانچ سال میں کیا وہ (ن) لیگ کی حکومت نے چار ماہ میں کر دکھایا ہے۔ سیف اللہ طاہر

مصطفی آباد/للیانی : جوکچھ پیپلز پارٹی نے پانچ سال میں کیا وہ (ن) لیگ کی حکومت نے چار ماہ میں کر دکھایا ہے۔ بجلی کی قیمت میں ہوش ربا ریکارڈ اضافے نے سب کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ ملک میں امیروں کی حکومت ہے جو صرف امیروں کا ہی سوچ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سنیئر رہنما تحریک انصاف حاجی سیف اللہ طاہر مغل و سنیئر رہنما وومن ونگ نوشین خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 16 روپے یونٹ بجلی کسی کو قبول نہیں۔ اس اضافے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور بجلی کے بل جلائے جائیں گے۔

حکومت نے عوام کے برقی قتل کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں ہولناک اضافہ ہوگا۔ نئی قیمتیں ناقابل برداشت ہیں۔ کاروبار کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ حکومت نے اپنے معاملات چلانے کیلئے آئی ایم ایف سے اربوں ڈالر قرضہ لیا لیکن اس کا خمیاز بے چارے عوام بھگتیں گے۔ تحریک انصاف پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب میں احتجاج کا فیصلہ کر چکی ہے۔2 اکتوبر کو پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈکواٹرز میں مظاہرے کئے جائیں گے اورحکومت کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔ہم بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔