کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی جماعت آزادی اظہار رائے پر کوئی سمجھوتا برداشت نہیں کرے گی اور کسی بھی حملے کی صورت میں صحافی برادری کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہوگی۔
عالمی پریس فریڈم ڈے کے حوالے سے جاری بیان میں بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اورصحافی برادری نے گزشتہ چار دہائیوں سے مل کر مارشل لاء اور صحافت کیخلاف پابندیوں کا مقابلہ کیا ہے۔ا ن کا کہنا تھا کہ آزاد صحافت کی جدوجہدنے جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی پاسداری میں اہم کرادار ادا کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے صحافیوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء کی آمریت کے دوران پھیلنے والا کلاشنکوف کلچر آج بھی معاشرے کے ہر پر امن طبقے کو متاثر کررہا ہے۔