لاہور : پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے پر شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں ایسے میں حکمرانوں کو محاز آرائی کی بجائے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا تاکہ ملک ترقی کرے اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی اور غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آتے ہی ماضی کی طرح محاز آرائی کی سیاست شروع کر دی ہے جو ملک کے لئے کسی طور حق میں نہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی ناکامیاں عوام کی نظروں سے اوجھل رکھنا چاہتی ہے لیکن اب عوام عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے انتقامی سیاست کی بجائے حکومت اپنی تمام تر توانائیں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے صرف کرے۔