کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بروز ہفتہ 18 اکتوبر کو مزار قائد باغ جناح میں جلسے کی سیکیورٹی کے حوالے سے عملدرآمد شروع کر دیا گیا اور اس ضمن میں جلسہ گاہ کے اطراف ایک کلو میٹر تک قائم مارکیٹوں اور دیگر کاروباری مراکز کے دکانداروں کو رینجرز کی جانب سے ہدایات جاری کر دی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں رینجرز حکام نے ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی سے سی بریز پلازہ تک واقع دکانوں کے مالکان کو زبانی ہدایات جاری کی ہیں کہ (آج) بروز منگل ان کے کام کا آخری دن ہے۔
اور رات بارہ بجے مین ایم اے جناح روڈ پر قائم دکانوں اور مارکیٹوں کو سیل کر دیا جائے گا جبکہ اسی طرح گرومندر کے اطراف کی دکانداروں کو بھی جمعرات تک کاروبار کی اجازت دی گئی ہے جبکہ نیو ایم اے جناح روڈ اور جمشید روڈ سمیت ملحقہ علاقوں کے دکانداروں کو بھی رینجرز کی جانب سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
جلسہ سے 3 روز قبل ہی دکانیں و کاروبار بند کرائے جانے پر دکانداروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور انھوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس سے قبل باغ جناح میں دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے جلسے کیے جا چکے ہیں۔
تاہم اس طرح بلاجواز دکانیں و کاروبار بند نہیں کرایا گیا ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ جلسہ ہفتے کو ہے اور اس سے 3 روز قبل دکانیں بند کرانے کا مطلب ہے کہ پورا ہفتہ ہی وہ کاروبار سے محروم ہوجائیں گے۔