راولپنڈی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے پارٹی کی شہید چیئرپرسن سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کیس کی بھرپور اندازمیں پیروی کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔
گزشتہ روزسابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے عدالت پیش ہوئے اور کیس کی بھرپور پیروی کرنے بارے کے میں آگاہ کیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج پرویزاسماعیل جوئیہ نے مقدمے کے 5 گواہوں، 2 مجسٹریٹ، 2 ڈاکٹروں اور ایک پولیس افسر کو نوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ 31 مئی کو طلب کر لیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی عدالت طلبی کا نوٹس بھی خارج کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی طرف سے سینئرپراسیکیوٹر چوہدری محمداظہر نے پیش ہو کر تحریری بیان پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بینظیر بھٹو قتل کیس پنجاب پولیس کا ہے، اس کا پراسیکیوٹر مقرر کرنا پنجاب حکومت کا کام ہے، پنجاب حکومت نے ہی پہلے سردار اسحٰق خان کو پراسیکیوٹر مقررکیا تھا۔
ایف آئی اے تفتیشی ایجنسی ہے اس نے بینظیربھٹو قتل کیس کی صرف تفتیش کی ہے اورکیس کا چالان عدالت پیش کر دیاہے۔ عدالت نے اس مقدمے کے پنجاب حکومت کی طرف سے مقررکردہ پراسیکیوٹر سردار محمد اسحٰق کو نوٹس جاری کر کے آئندہ تاریخ پر طلب کر لیا،آئندہ اس کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں ہوگی۔