لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کی مجلس عاملہ اورپارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس کے بعد منظور احمد وٹو نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وہ ملک میں مڈٹرم انتخابات دیکھ رہے ہیں جسکے لیے پیپلز پارٹی پوری طرح تیار ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے تنظیمی امور ضلعی سطح پر مکمل ہیں اور ستمبر کے مہینے میں وارڈ اور یونین کونسل کے لیول پر مکمل کر لئے جائیں گے۔
تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو مڈٹرم انتخابات کی پوری تیاری کرنی چاہیے۔ اجلاس میں تین قراردادیں پاس کی گئیں۔پیپلز پارٹی پنجاب نے چیئرمین بلاول بھٹو اورآصف علی زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ دوسری قرارداد میں مرکزی قیادت کو جلد از جلد پنجاب کے دورے کرنے کی دعوت دی گئی۔تیسری قرارداد میں پیپلز پارٹی پنجاب نے کسان اتحاد کے مطالبات کو فی الفور تسلیم کرنے پر زور دیا۔
علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، فرید پراچہ اور احسان الحق وقاص نے میاں منظور احمد وٹو سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے بعد رہنماؤں نے کہا کہ دونوں جماعتیں آئین کی بالادستی، جمہوریت اور قانون کی عملداری پر پورا یقین رکھتی ہیں۔