کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلاول ہائوس میں ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 18 اکتوبر کے جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں کو اپنی تقاریر میں سیاسی اقدار کو پامال نہیں کرنا چاہئے۔ جواب دینا ہم بھی جانتے ہیں اور ہم 18 اکتوبر کو مزار قائد پر اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ اجلاس کے بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر رہنمائوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 18 اکتوبر 2007ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب محترمہ بینظیر بھٹو کو ٹارگٹ بنایا گیا اور سینکڑوں لوگ شہید ہو گئے۔ اسی جگہ سے بلاول بھٹو شہید محترمہ بے نظیر کا ادھورا سفر شروع کریں گے۔
بلاول بھٹو نوجوانوں کے اصل قائد ہیں وہ جمہوریت اور پاکستان کو مستحکم کرنے کے لئے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق عمل کریں گے۔