اسلام آباد (جیوڈیسک) سیاسی تاریخ میں شہید ذولفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کو شب خون مار کر جس انداز میں ایک آمر نے جمہوریت کا خاتمہ کیا آج اس کوئی نام لینے والا نہیں جب کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی ہو توگڑھی خدا بخش میں جیالوں کا جمع غفیر جمع ہوتا ہے۔ یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر جہانگیر بدر نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی سیاسی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں قربانیاں دینے، کوڑے کھانے اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے کا ریکارڈ پاکستان پیپلزپارٹی کا ملے گا، کسی اور سیاسی جماعت کا نہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جہانگیر بدر کے اعزاز میں سابق صدر چوہدری محمداشرف گوندل، محمد اقبال ایڈووکیٹ اور دیگر رہنمائوں کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیاجس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے علاوہ بیلجیم کے پی پی پی کے صدر حاجی وسیم اور ان کے ساتھیوں نے شرکت کی۔