پیپلز پارٹی آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی جنگ جاری رکھے گی : آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

لاڑکانہ (جیوڈیسک) آصف علی زرداری کہتے ہیں دہشتگردوں کیخلاف خصوصی عدالتوں کی حمایت ان کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کرنے کی شرط پر کی، بینظیر بھٹو کی شہادت پر شاہراہ فیصل پر چار سو بچوں کو شہید کیا گیا، اس وقت نوٹس لیکر آپریشن کیا جاتا تو سانحہ پشاور نہ دیکھنا پڑتا، بلاول بھٹو سے اختلافات کی افواہیں مخالفین نے پھیلائیں۔

گڑھی خدا بخش میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کے ٹرائل کیلئے خصوصی عدالتوں کی حمایت صرف اس شرط پر کی ہے کہ ان عدالتوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

کہیں ایسا نہ ہو کہ ان عدالتوں کی وجہ سے میاں صاحب اور وہ دونوں اندر ہوں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ پشاور میں دہشتگردوں نے بچوں پر ظلم کیا، بینظیر کی شہادت پر چار سو بچوں کو شہید کرنے کا نوٹس لے لیا جاتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ان کے اور بلاول بھٹو کے حوالے سے افواہیں مخالفین نے پھیلائیں، مخدوم امین فہیم بھی پارٹی سے غداری نہیں کریں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے ہی قربانیاں دیتی آئی ہے ، آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل لیے بھی لڑیں گے۔