لاڑکانہ (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو لوگوں کا عدلیہ سے اعتبار اٹھ جائیگا، عدالتیں دہشتگردوں کو رہا کرتی رہیں تو دہشت گردوں کیخلاف جنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو نوڈیرو ہائوس میں ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے وکلا کی جانب سے دیے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ایم این اے فریال تالپور، ہائیکورٹ بار کے رہنماآصف عبدالرزاق سومرواور دیگر بھی موجود تھے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، انکے 2 بیٹوں کوشہید کیا گیا، شہید بینظیر بھٹو کو قتل کیا گیا تاہم انھیں بھی انصاف نہیں ملا، پیپلز پارٹی آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کیس کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔دہشتگردوں کیخلاف صرف کراچی پولیس ہی میدان عمل میں ہے اور ان سے لڑ رہی ہے۔