عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ پاکستان کے دیر پا دوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں

لاہور: وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ پاکستان کے دیر پا دوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں۔پاکستان چین سے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چینی قیادت کے ساتھ ہر سطح پر باہمی رابطوں سے دونوں ملکوں کے درمیان خیر سگالی کے جذبات کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے آج چین کے دورے پر روانگی سے قبل پنجاب ہائوس اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کمیونسٹ پارٹی کے نائب وزیرآئی پنگ(Ai Ping) کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں اور چین کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے سے دونوں ملکوں میں باہمی تجارت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے پاکستان میںچینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور حکومت کی طرف سے ایسا ماحول قائم کیا جا رہا ہے جس سے تجارتی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے میٹرو بس سروس پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں کے بارے میں بھی چینی وفد کے اراکین کو آگاہ کیا۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے نائب وزیر آئی پنگ نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر شعبے میں تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے لئے محبت اور باہمی احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور ترقی کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں تیز رفتار ترقی کے پروگرام قابل ستائش ہیں جن سے عوام کو بہتر سہولیات حاصل ہو رہی ہیں۔ اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کے دورہ چین کے دوران ان کی مصروفیات اور بڑے تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔