سندھ (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے نامزد وزیراعلی قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ فی الحال سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ایم کیو ایم کا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ اپنا ہے۔ ایک بار پھر وزارت اعلی منصب پر فائز ہونے کیلئے تیار قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت مفاہمت کی پالیسی پر کار بند ہے لیکن متحدہ سے اسپیکر کے لیے ووٹ کیسے مانگ سکتے ہیں جبکہ ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں اسپیکر کیلئے آغا سراج درانی کے مقابلے میں اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وزیراعلی سمیت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے سندھ میں اکثریت حاصل ہے۔
پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں تنظیم نو کا عمل جاری ہے اور وہ اگلے پانچ سالہ منصوبے کا اعلان منتخب ہونے کے بعد کریں گے۔