اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت کی جانب سے قومی اقتصادی سروے 2015-16 پیش کر دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا حکومت کے تین مالی سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اقتصادی ترقی کی شرح 4.7 فیصد رہی۔ کپاس کی پیداوار کی صورتحال بہتر ہوتی تو معاشی ہدف پورا کر لیتے۔ کمی سے جی ڈی پی 0.5 فیصد کم رہی۔ بجٹ میں زرعی شعبے کی بہتری کیلئے بڑے پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔
سروے رپورٹ کے مطابق صنعتی ترقی کی شرح 6.1 فیصد رہی۔ کان کنی میں شرح ترقی 6.8 فیصد رہی۔ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے میں چار اعشاریہ صفر چھ فیصد اضافہ ہوا۔ اسحاق ڈار نے کہا ہول سیل کے شعبے میں 4 اعشاریہ 57 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال 2.63 فیصد تھی۔
سروسز کے شعبے کی شرح نمو 5٫7 فیصد رہی۔ بجلی کی پیداوار اور گیس کی فراہمی میں بھی بہتری رہی اور رواں مالی سال بجلی کی پیداوارمیں12.18 فیصد اضافہ ہوا ۔ ریلوے اور پی آئی اے کی کارکردگی میں اضافہ ہوا۔ دالوں اور پھلوں کی پیداوار بھی ہدف سے کم رہی۔