کمالیہ کی خبریں 23/5/2017

Kamalia

Kamalia

کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) سی ٹی ڈی ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر کھیکھا بنگلہ بائی پاس کے قریب سے ایک ویران عمارت میں سے 2 دہشت گرد شیخ طیب اور حسین احمد کو گرفتارکرلیا، دہشت گردوں سے 5 ڈیٹونیٹر، سیفٹی فیوز، 8 دھماکہ خیز واٹر جیل، بلیک پاؤڈر اور آئی ڈی ای برآمد کرلیے ہیں۔ سی ٹی ڈی ٹیم کی تفتیش جاری ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی العالمی سے بتایا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

انٹی کرپشن ٹوبہ ٹیک سنگھ نے سینئر کلرک محمداسلام کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) ڈی سی ٹوبہ ٹیک سنگھ معظم اقبال سپرا نے رشوت کے الزام میں گرفتار سینئر کلرک محمد اسلام کو معطل کرکے ڈی ایم او محمد کاشف کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا،تفصیلات کے مطابق 18مئی کو کمالیہ کے رہائشی محمد جاوید فریدی سے ڈی سی آفس کے سینئر کلرک محمد اسلام نے نقل کے حصول کے لیے 3 ہزارروپے رشوت طلب کی تھی جس پر انٹی کرپشن ٹوبہ ٹیک سنگھ نے سینئر کلرک محمداسلام کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا مقدمہ درج کیے جانے کے بعد ڈی سی ٹوبہ ٹیک سنگھ معظم اقبال سپرا نے سینئر کلرک محمد اسلام کو معطل کرکے ڈی ایم او محمد کاشف کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا جبکہ دوسری جانب متعدد افراد کی جانب سے گرفتار ملزم محمد اسلام کے خلاف تحریری درخواستیں ارسال کردی ہیں جن میں ملزم کے خلاف اشٹام فروشی کے لائسنس کے اجرا کے لیے مبینہ طور پر بھاری رشوت وصول کی گئی ہے۔مقدمہ کے مدعی محمد جاوید فریدی نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزم کی جانب سے مختلف ذرائع سے ہراساں کیا جارہا ہے انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اسے نشان عبرت بنادیا جائے.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محکمہ صحت اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،سینکڑوں من مُربہ ّ جات سے بھرے ڈرم برآمد،فیکٹری سیل
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) کمالیہ میں مضرصحت مُربہ ّ جات بنانے والی فیکٹری پر محکمہ صحت اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،سینکڑوں من مُربہ ّ جات سے بھرے ڈرم برآمد،فیکٹری سیل جبکہ موقع پر موجودفیکٹری مالک مظہر حسین کوگرفتارنہیں کیا گیا۔محکمہ صحت کا مضر صحت مُربہ ّ جات تیار کرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ،سینکڑوں من غیر معیار ی مضر صحت مُربہ ّجات کے ڈرم برآمد،فیکٹری میں گندگی اور متعدد مُربہ ّ جات پر فنگس کی تہہ جمی ہوئی تھی،ملزم گزشتہ کئی سال سے پاکستان کے مختلف شہروں کومُربہ ّ جات فراہم کررہا ہے ٹیم نے تمام مُربہ ّجات کے نمونہ جات حاصل کرنے کے بعد فیکٹری کو سیل کردیا،مضر صحت مُربہ ّ جات کی بدبو سے ٹیم کا موقع پر کھڑا ہونا مشکل ہوگیا،ایسے افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں جو انسانی جانوں سے کھیلتے ہوں اور مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہوں،ڈی ڈی ایچ اوڈاکٹر بالک کا موقف۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کو شکایات ملیں کہ محلہ نجابت پورہ میں مظہر حسین کی فیکٹری میں مضرصحت مُربہ ّ جات تیارکرکے مختلف شہروں میں فروخت کے لیے بھیجے جارہے ہیں جس پر محکمہ صحت کی ٹیم میں شامل ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر بالک،ڈرگ انسپکٹر محمد عرفان اور فوڈ انسپکٹر غلام مصطفی نے فیکٹری میں چھاپہ مارا تو موقع پر مُربہ ّ جات تیا ر کیے جارہے تھے جبکہ مُربہ ّ جات کے بھرے اکثر ڈرموں میں فنگس لگی ہوئی تھی اور جابجا فرش پر گندگی جمی ہوئی تھی۔ٹیم نے تمام مُربہ ّ جات کے نمونہ جا ت حاصل کرکے فیکٹری کو سیل کردیا۔اس موقع پر ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر بالک نے میڈیا کو بتایا کہ ایسے افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں جو ذاتی مفادات کے لیے دوسروں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ ملزم کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) ٹی وی اینکر،سینئرصحافی و نیوز ایڈیٹرڈاکٹر غلام مرتضیٰ کے والد ِ محترم صادق علی مرحوم کا پہلا سالانہ ختم شریف اِن کی رہائش گاہ پرمحلہ مدینہ آباد رحیم کالونی میں ہوا۔مرحوم صادق علی کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن خوانی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔ختم شریف میں جمعیت علماء پاکستان تحصیل کمالیہ کے اراکین سمیت سماجی ، سیاسی، فلاحی،مذہبی مکتبہ فِکر سے تعلق رکھنے والے اور میڈیا کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) کمالیہ میں ون وے روڈ کی تعمیر اس وقت انتہائی ضروری ہے کیونکہ کمالیہ میں آئے روز روڈ ایکسیڈینٹ سے بہت ساری قیمتی جانوں کا ضیائع ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور سے نظر ہٹا کر تھوڑا سا کمالیہ کی طرف بھی دیکھیں اور جلد ون وے روڈ کی تعمیر کا اعلان کریں اِن خیالات کا اظہار سابق نائب ناظم محمد انور نوید،محمد افضل،ڈاکٹر غلام مرتضیٰ،ظہیر عباس و دیگر نے ہمارے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ کمالیہ میں ون وے روڈ نہ ہونے سے آئے روز حادثات ہوتے ہیں۔ جس میں بہت ساری قیمتی جانیں چلی جاتی ہیں۔ جبکہ اب تو سوشل میڈیا اور مختلف ٹی وی چینلز اور اخبارات میں کمالیہ چیچہ وطنی میں ون وے روڈ کا ذکر ہو رہا ہے لہٰذا اب تو کمالیہ کے ہر شہری کی یہ آواز ہے کہ کمالیہ چیچہ وطنی کو ون وے روڈ کیا جائے ۔لہٰذا ہماری وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ وہ سارا فنڈز لاہور میں لگا رہے ہیں تھوڑا سا کمالیہ کی طرف بھی دیکھیں یہاں ون وے روڈ نہ ہونے سے بہت سے حادثات ہو رہے ہیں اور بہت قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اب کمالیہ چیچہ وطنی ون روڈ کی تعمیر اشد ضروری ہے اور اسے جلد از جلد تعمیر کرنے اور فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا جائے تا کہ کمالیہ کے عوام کا دیرنہ مطالبہ پورا ہو سکے۔