چاہتی ہوں پرفارمنس کے حوالے سے یاد رکھی جاؤں، میرا

Meera

Meera

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان میں جس رفتار سے فلم سازی کے شعبے میں بہتری آئی ہے اسی رفتار سے اب بہت زیادہ تعداد میں فلمیں بن رہی ہیں۔ فلم میکر نت نئے تجربات بھی کررہے ہیں اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اب ہماری فلم صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔

ایسی ہی ایک فلم ’’ہوٹل‘‘ ہے ، جس کو 13 مئی کوملک بھرمیں ریلیز کیاجائے گا۔ ’’ہوٹل‘‘ کو پاکستان میں آئی ایم جی سی گروپ ریلیز کررہا ہے۔ اس فلم کو کافی عرصے سے ریلیز کی کوششیں جاری تھیں تاہم بعض وجوہات کی بنا پر نمائش موخر ہوتی چلی گئی البتہ اس فلم کو بیرون ملک ہونے والے مختلف فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا جہاں اسے بہت پسند کیا گیا۔

فلم کو کچھ عرصہ پہلے ’’دہلی فلم فیسٹیول‘‘ میں پیش کیا گیا جہاں اسے بہترین فلم اور اداکارہ کے دو ایوارڈ دیئے گئے جبکہ سبھاش گئی جیسے نامور فلم میکر نے فلم کی ہیروئین میرا کی پرفارمنس کو بے حد سراہا۔ فلم کی ریلیز سے قبل ہی اس کے بارے میں مختلف آراء زیرگردش ہیں کیونکہ اس میں بعض ایسی چیزیں بھی شامل ہیں جو بہت سے لوگوں کے نزدیک قابل اعتراض ہوسکتی ہیں۔ اس بارے میں ’’ہوٹل‘‘ کی ہیروئین میرا نے’’ ایکسپریس ‘‘کوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے دلچسپ گفتگو کی، جوقارئین کی نذر ہے۔

فلمسٹار میرا نے کہا کہ یہ فلم حقیقی کہانی پر مبنی ہے جس کا مرکزی کردار مجھے کرنے کا موقع ملا ہے، یہ دہلی کی ایک فیملی کی کہانی ہے۔ میرا کردار انتہائی مشکل اور منفرد ہے۔ میں اپنی ایک ایسی بہن سے ملتی ہوں جس نے کبھی جنم ہی نہیں لیا اور یہیں سے فلم کی کہانی آگے بڑھتی ہے۔ ایسے موضوعات پر ہمارے ہاں عام طور پرفلمیں نہیں بنائی جاتیں، ہوسکتا ہے اس فلم کی کچھ چیزیں لوگوں کو اچھی نہ لگیں لیکن ڈائریکٹر نے بہت اچھی کوشش کی ہے۔