پشاور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی مدت حکومت پوری کریں گے، لیکن ڈر ہے کہ میاں صاحب کچھ ایسانہ کر دیں کہ اسی سال حکومت کی میعاد پوری ہو جائے۔
وزیر اعلی ہائوس پشاور میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ اجتماعی شادیاں وہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر نہیں بلکہ ذاتی خرچے پر کرا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ہائوس میں تقریب منعقد کرنے کا مقصد لوگوں کو باور کرانا ہے کہ ہمیں ان کی پروا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مزید پچاس جوڑوں کی شادیاں بھی کروائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ زندگی لگ گئی پیسے جمع کرنے میں اب عادت پڑگئی ہے پیسے مانگنے کی۔
غربت پورے پاکستان میں ہے لیکن خیبر پختونخوا دہشتگردی سے بھی متاثر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی مدت ختم ہونے تک خیبر پختونخوا مثالی صوبہ بن چکا ہوگا لیکن ڈر ہے کہ میاں صاحب کچھ ایسانہ کر دیں کہ اسی سال حکومت کی معیاد پوری ہو جائے۔
تقریب میں 45 جوڑوں کو شادی کے مقدس بندھن میں باندھا گیا۔ عمران خان کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کیلئے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے سلامی کا اعلان بھی کیا گیا۔