لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و چیئرمین یونین کونسل 246 یوحنا آباد آصف سہیل کھوکھرنے کہا ہے کہ موجودہ دورِ اقتدار میںمسلم لیگ ن کی حکومت نے لوٹ مار میں اپنا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اس لئے پانامہ لیکس سمیت دیگر انکشافات کے بعد مسلم لیگ ن کا اقتدار میں رہنا ملک کیلئے بڑا خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کر کے اپنے اثاثے کھربوں روپے تک پہنچا دیئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ کی ناکام ترین اور نااہل حکومت کا انجام قریب ہے۔
پورے ملک کی طرح صوبہ پنجاب اس وقت لاقانونیت کی آگ میں جل رہا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمتوں پر پابندی نوجوانوں کو اپنے مستقبل سے مایوس کر رہی ہے اس کے علاوہ بجلی اور گیس کی غیر معمولی لوڈ شیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہو چکے ہیں۔
آصف سہیل کھوکھرنے کہاکہ حکومت نے غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور کرپشن سے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کی بجائے ایسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس سے اسے بھاری کمیشن ملتی ہے۔