پشاور (جیوڈیسک) طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ہم طالبان اور حکومت کے درمیان مستقل جنگ بندی کیلیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں آئندہ2 دنوں میں اہم پیش رفت ہوگی جس کے بعد ہم طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلیے جائیں گے۔
گورنر ہائوس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ 45 دنوں میں طالبان نے کوئی بم دھماکا تو کیا ایک گولی تک نہیں چلائی، اس لیے حکومت کو پتا چلانا چاہیے کہ اس دوران بم دھماکے کن لوگوں نے کئے ہیں؟ علاوہ ازیں اکوڑہ خٹک میں اہل سنت و الجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔
اس موقع پر مولانا سمیع الحق نے کہا کہ مذاکرات کو ناکام بنانے کیلئے بہت سی قوتیں سرگرم عمل ہیں، فریقین کو فہم و فراست کا ثبوت دینا ہوگا۔ ملاقات کے بعد دارالعلوم حقانیہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا لدھیانوی نے کہا کہ میں پارلیمنٹ میں مولانا سمیع الحق کی نمائندگی کروں گا۔