لاہور (جیوڈیسک) سی سی پی او محمد امین وینس نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد کے لیے ہمیں جذبہ جہاد سے سرشار ہو کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں مذہبی منافرت پر مبنی مواد، آڈیو ویڈیو سی ڈیز، اشتعال انگیز تقاریر اور ان کی سی ڈیز اور مختلف تصاویر اور سی ڈیزفروخت کرنے یا چلانے والوں کے خلاف بھر پور آپریشن کلین اپ کیا جائے جس میں مقام و مرتبے کا لحاظ کیے بغیر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روزپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور کسی بھی جرم میں استعمال ہونیوالے لائسنسی اسلحہ کے خلاف بھی فوری قانونی کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مستقل ناکوں کی بجائے موبائل ناکوں پر زیادہ توجہ دی جائے اور گھنٹے بعد ان ناکوں کی پوزیشن تبدیل کی جائے ۔