کراچی (جیوڈیسک) کورنگی میں خام تیل کی پائپ لائن میں اچانک رساؤ کے باعث بھاری مالیت کا تیل بہہ گیا، علاقہ مکینوں نے برتنوں میں تیل بھرنا شروع کردیا، پولیس نے ٹریفک کیلئے روڈ بند کر دیا، پولیس اور رینجرز نے آئل بھرنے والے علاقہ مکینوں پر لاٹھی چارج کیا، تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر پر بسم اللہ اسٹاپ کے قریب گرین بیلٹ پر موجود کیماڑی سے آنے والی تیل کی پائپ لائن پھٹ گئی، علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد ڈرم اور بوتلیں لیکر پہنچ گئی اور آئل بھرنا شروع کر دیا۔
پولیس اور رینجرز کے پہنچنے سے قبل ہی علاقہ مکینوں نے تیل بوتلوں میں بھرنا شروع کر دیا تھا، منع کرنے پر مکین نہیں مانے تو ان پر لاٹھی چارج کرنا پڑا، ایس ایچ او زاہد سومرو کے مطابق واقعے کے بعد متعلقہ عملے کو اطلاع دی گئی جنہوں نے مین والو بند کردیا۔ مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد روڈ ٹریفک کیلئے کھولا جائے گا۔
گاڑیوں کو متبادل راستے سے جانے کی اجازت ہے۔ پولیس کے مطابق خام تیل کی لائن کیماڑی سے آرہی ہے۔ دریں اثناء بزنس رپورٹر کے مطابق یہ لائن پارکو ریفائنری سے محمود کوٹ جارہی ہے۔ خام تیل کی لائن میں معمولی رساؤ ہوا ہے۔ فوری طور پر تیل کا رساؤ بند کر دیا گیا۔ پارکو کے ترجمان کے مطابق تیل کا بہاؤ لیکیج کے باعث ہوا جبکہ واقعے کی حقیقت جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ رساؤ سے ماحولیات کو کوئی خطرہ نہیں۔