لاڑکانہ (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو نے گزشتہ روز المرتضیٰ ہائوس لاڑکانہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلڈرز مافیا کتنی بھی طاقتور کیوں نہ ہو اور چاہے کسی بھی جماعت سے وابستہ ہو، ہم اس کی شدید مخالفت کرینگے اور ہمیشہ غریب مزدوروں اور ہاریوں کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کے مسائل کی جنگ لڑینگے
انہوں نے مزید کہا کہ لاڑکانہ میں کی گئی داعش کی وال چاکنگ لاڑکانہ کے شہریوں کو ڈرانے کا ایک حربہ تھا، لاڑکانہ میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے جبکہ مذہبی فرقہ واریت اور تشدد کے عنصر کو بڑھاوا دینے کی سازش کی جارہی ہے تاکہ شر پسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو پر تشدد، مشکوک اور شرپسند عناصر پر نظر رکھنی چاہیے
دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہو جانا چاہیے، اسلام امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود اور سو بھو گیا نچندانی جیسے لیڈرز، مفکر اور معتبر شخصیات سے لاڑکانہ محروم ہو چکا ہے، لاڑکانہ کے عوام کبھی بھی انہیں بھول نہیں پائیں گے، اس موقع پر صوبائی صدر علی احمد پھلپوٹو، اسلم شاہ، سیما رفیق، عنایت حسین، امتیاز گاد، غلام رسول عمرانی، مختار بھٹو اور دیگر موجود تھے۔