پرتھ (جیوڈیسک) پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف بغیر کسی نقصان کے 105 رنز بنا لیے۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر ڈیوڈ وارنر اور شان مارش بالترتیب 73 اور 29 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور شان مارش نے اننگز کا آغاز کیا۔ ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنائے۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے سٹیون کک اور ڈین ایلگر نے اننگز کا آغاز کیا۔
جنوبی افریقہ کے پہلے پانچ کھلاڑی صرف 81 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں سٹیون کک نے صفر، ڈین ایلگر نے 12، ہاشم آملہ نے صفر، جب کہ جے پی ڈومینی نے 11 رنز بنائے۔
ابتدائی نقصان کے بعد جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک اور ٹیمبا بووما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کوئنٹن ڈی کاک نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 84 جب کہ ٹیمبا بووما نے سات چوکوں کی مدد سے51 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے چار، جوش ہیزل وڈ نے تین، نیتھن لیون نے دو اور پیٹر سڈل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جعرات کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔