لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لئے جو اقدامات کئے وہ عوام کے سامنے ہیں مگر افسوس ہے کہ چودھری برادران آئی ڈی پیز کے معاملے پر بھی پوائنٹ سکورنگ سے باز نہیں آئے۔
انہوں نے پرویز الہی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کے لانگ مارچ کی بات کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ 14 اگست کا دن پاکستان کے لئے مقدس حیثیت رکھتا ہے عوام 14 اگست کو متنازعہ بنانے والوں کی سازش ناکام بنادیں گے۔ عمران خان اور طاہر القادری کا ایجنڈا تو ایک طرف پرویز الہی جیسے سیاسی بونے کا ایجنڈا صرف اور صرف لوٹ مار کا ایجنڈا ہے۔
پرویز الہی کے بیان سے لٹیروں کا گٹھ جوڑ عوام کے سامنے آگیا ہے۔ آمر کے سائے تلے لوٹ مار، اقربا پروری اور کرپشن کے جھنڈے گاڑنے والے اب ماضی کو یاد کرتے ہیں۔ چودھری برادران نے انتخابات میں عبرتناک شکست کے بعد بھی کچھ نہیں سیکھا۔ چودھری برادران کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں وہ ذاتی مفادات کے لئے بھاگتے پھر رہے ہیں۔ پرویز الٰہی کشکول اٹھائے کبھی سونامی خان اور کبھی مولانا انقلاب کے دربار پر حاضری دیتے ہیں۔ پرویز الہی الزامات لگانے کی بجائے انتظار کریں، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
پرویز الہی اداروں کا احترام کرنا سیکھیں۔ انہوں نے مولانا طاہر القادری کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ناکامی کے ڈر سے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے والا کس منہ سے انقلاب کی باتیں کررہا ہے؟ مستند اور تاریخی جھوٹے کنٹینر بابا کے بیانات کی کوئی اہمیت نہیں۔
ٹوئیٹر پر بیانات کے ذریعے طاہرالقادری کا عوام کو بغاوت پر اکسانا شرمناک ہے۔ یہ موسمی شعبدہ باز بہت جلد بوریا بستر لپیٹ کر کینیڈا چلا جائے گا۔ مولانا عوام پر رحم کریں، وہ دروغ بازی سے کام لینا چھوڑ دیں۔ طاہر القادری سیاسی بونوں کے ساتھ مل کر اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔ طاہر القادری جوڈیشل کمیشن کی انکوائری پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ترقی کا پہیہ جام کرکے انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔