پرویز الہی حکومت پر بے بنیاد الزامات نہ لگائیں: زعیم قادری

Syed Zaim Hussain Qadri

Syed Zaim Hussain Qadri

لاہور (جیوڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت و رکن صوبائی اسمبلی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ آمر کے کندھوں پر سوار ہو کر تاریخ ساز کرپشن کرنے والے پرویز الہی اپنی مردہ سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے بے بنیاد الزامات لگانا بند کر دیں۔ پرویز الہی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنا رہی ہیں جبکہ پرویز الہی اس نازک وقت میں بھی پوائنٹ سکورنگ کے ذریعے اپنی سیاست چمکانے سے باز نہیں آئے۔

پرویز الہی کبھی پرویز مشرف اور کبھی عوامی تحریک کا سہارا لیکر اقتدار حاصل کرنے او راپنا الو سیدھا کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ دھاندلی کا شور مچانے والے چوہدری برادران خود دھاندلی اور آمریت کی پیداوار ہیں۔ پورے پاکستان میں ق لیگ کے 40 امیدوار کھڑے کرنے والے پرویز الہی کو دھاندلی کا رونا زیب نہیں دیتا۔

قومی خزانے کو بری طرح لوٹنے والے چوہدری برادران کے اصلی چہرے کو عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشاورت سے بہترین اور فول پروف اقدامات کر رہی ہے۔