لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی حکومت کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئے۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے ملاقات کی جس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان گھر آگئے تھے، اب کوئی تحفظات نہیں، تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں، انشاءاللہ حکومت مدت پوری کرے گا جب کہ مذاکرات وفاق کی سطح پر ہوں گے، اپوزیشن کے حوالے سے وزرا کے مثبت بیان سامنے آئے ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ کوئی دما دم مست قلندر نہیں، جمہوریت میں گرما گرمی اور جلسے جلوس چلتے رہتے ہیں، اپوزیشن ضمنی اور سینیٹ کے الیکشن بھی لڑ رہی ہے ،اپوزیشن عوامی ایشوز پر مذاکرات کی میز پر بیٹھے،غیر جمہوری راستہ نہ اختیار کرے۔