پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختون خواہ کے اجلاس میں وزیر اعلی پرویز خٹک طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف کافی غصے میں نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا واپڈ والے خود چور ہیں اور سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔ لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو 12 مئی کو واپڈا کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا مرکز چھوٹے صوبوں کے ساتھ زیادتی بند کرے چین کے ساتھ پینتالیس ارب ڈالر کے معاہدوں میں سے خیبر پختون خواہ کے لئے صرف ڈھائی ارب ڈالر رکھے گئے۔ خیبر پختون خواہ کو برابر کا حصہ دیا جائے۔ وزیر اعلی نے مطالبہ کیا کہ وفاق نے ہمیں بجلی کی مد میں 146 ارب روپے دینا ہیں لیکن ادائیگی میں تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر مسلم لیگ نون کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھا مرکز میں اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ وزیر اعلی کی حمایت کرتے ہوئے دھرنے میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ سردار اورنگزیب نلوٹھا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف خیبرپختوں خوا کے عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں۔