پرویز خٹک کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج، حکومت کا تختہ الٹنے کا اعلان

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف خود سڑکوں پر آ گئے، کہتے ہیں چودہ اگست کو حکومت کا تختہ الٹ جائے گا۔

پشاور میں پرویز خٹک کی زیر قیادت احتجاج کے دوران مظاہرین زبردستی گیٹ کھلوا کر پیسکو ہیڈکوارٹرز میں داخل ہو گئے۔ شدید گرمی میں بد ترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کے صبر کا پیمانہ تو لبریز کیا ہی ہے۔

سیاستدان بھی صورتحال سے نالاں ہیں، پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت احتجاج کیا گیا۔ اس دوران مظاہرین نے زبردستی پیسکو ہیڈ کوارٹرز کا گیٹ کھلوایا اور اندر داخل ہوگئے۔

انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ واپڈا اپنا قبلہ درست کر لے ورنہ سیکورٹی واپس لے لیں گے، خیبر پختونخوا کے عوام بجلی چور نہیں، عابد شیر علی اپنا منہ بند کریں اور پہلے واپڈا کے چوروں کو جیلوں میں ڈالیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے کے حصے کی بجلی دے یا واپڈا کا انتظام صوبائی حکومت کے حوالے کرے، پنجاب گندم روک سکتا ہے تو پھر وہ بھی بجلی بند کر سکتے ہیں۔ پرویز خٹک کے خطاب کے دوران ایک شخص مسلسل وزیراعلیٰ کو پنکھا جھلتا رہا۔