پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک سے بحث کی خبروں کی تردید کر دی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک سے نہ مکالمہ ہوا نہ گفتگو ہوئی، انہوں نے وزیراعظم سے بات کی جس پر عمران خان نے پرویزخٹک کو بتایا حماد اظہر کے دیے ڈیٹا کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف صحیح معنوں میں جمہوری جماعت ہے، یہاں سب کھل کر بات کرتے ہیں، ہماری وراثتی پارٹی نہیں کہ جہاں پارٹی لیڈر کا بچہ آکربیٹھے تو لوگوں کی سانس رک جاتی ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھاکہ پرویز خٹک ہمارے بڑے ہیں، پارٹی میں سب کو بولنے کا حق ہے۔
اسٹیٹ بینک بل کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کو سیاسی رنگ دیا گیا، ن لیگ نے بھی 2015 میں اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سےمتعلق پالیسی کا اعلان کیا لیکن بعد میں فالو نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ اسٹیٹ بینک کے بورڈ کا تعین وفاقی حکومت کے پاس ہی ہوگا، اسٹیٹ بینک کے تمام اثاثے وفاقی حکومت کی ملکیت ہی رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ زراعت میں حکومت نے کارٹیلز کو توڑا ہے، سندھ حکومت ہر بار سندھ کارڈ کھیلتی ہے، سندھ کی اکثر گیس سندھ میں ہی استعمال ہورہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کےدرمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
اجلاس میں پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا۔