پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بینک آف خیبر کی جانب سے وزیر خزانہ مظفر سید پر لگائے گئے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ نے بینک کی جانب سے جاری کئے گئے اشتہار کو حدود سے تجاوز اور نامناسب قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اشتہار کا اجراء نہ صرف ایک غیراخلاقی اور غیرقانونی حرکت ہے بلکہ اختیارات سے تجاوز بھی ہے۔
اشتہار میں بینک کے وسائل کو استعمال کرنے کا الزام لگا کر مظفر سید کی کردار کشی کی کوشش کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے بیان کے مطابق وزیر خزانہ مظفر سید ایماندار اور دیانتدار شخصیت ہیں اور انہیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔
دوسری جانب المرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے صوبائی امیر مشتاق احمد خان، سینئر وزیر عنیات اللہ اور وزیر خزانہ مظفر سید نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینک کے ایم ڈی نے جو الزامات لگائے ہیں وہ سارے کے سارے بے بیناد اور بینک کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔