اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق غور کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر دفاع خواجہ آصف، ڈاکٹر قادر بلوچ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے شرکت کی۔ اجلاس میں طالبان کےساتھ مذاکراتی عمل میں اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے خارج کئے جانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی سربراہی میں آج اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کا اجلاس ہونا تھا، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کوبھی شرکت کرنا تھی۔ جس میں قومی سلامتی کے امور طالبان سے مذاکرات میں اب تک ہونے والی پیش رفت اور دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جانا تھا تاہم اب یہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔