مشرف کی ایٹم بم کی دھمکی نے بھارت میں قیامت ڈھا دی

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

نئی دہلی (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں بھارت کے پاکستان کے خلاف جارحیت نہ روکنے پر ایٹم بم استعمال کرنے کی دھمکی نے بھارت میں قیامت برپا کر دی اور دیوالی کی خوشیوں کو پھیکا کر دیا، بھارتی میڈیا نے مشرف کے بیان کو فوجی قیادت کی ایما پر بھارت کو دھمکی قرار دے دیا۔

جمعرات کو بھارت کے تمام بڑے اور علاقائی اخبارات نے سابق صدر مشرف کے اس انٹرویو کو پہلے صفحے پر انتہائی نمایاں انداز میں شائع کیا۔ بھارت کے تمام نیوزٹی وی چینلزپر گزشتہ رات سے اسے ہیڈلائن کے طور پر چلایا گیا اور اس پر بھارتی دفاعی، سیاسی اور خارجہ امور کے تجزیہ کاروں اور ماہرین کے تبصرے جاری ہیں۔ بھارتی میڈیا نے مشرف کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری امن کے عمل کو مشرف کی وجہ سے شدید دھچکا لگا تھا۔

بھارتی میڈیا نے مشرف کے اس بیان کو پاکستانی عوام میں شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا جبکہ بعض اخبارات اورٹی وی چینلز نے الزام لگایا کہ پاکستان کی فوجی قیادت نے مشرف کے ذریعے بھارت کودھمکی دی ہے۔

بھارتی میڈیا نے کہا کہ مشرف چونکہ خوداس وقت اپنے خلاف بغاوت اور دیگر مقدمات کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں اس لیے عوام میں مقبولیت اور فوج کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلیے اس طرح کے بیان دے رہے ہیں۔