پرویزمشرف پر مظالم ڈھانے والے اے پی ایم ایل کے کارکنوں کو بھی جبر کا نشانہ بنا رہے ہیں
Posted on May 20, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری شاہدقریشی نے اے پی ایم ایل ہاؤس کراچی پر پولیس کے بلا جواز چھاپے اور کارکنوں پر تشدد کے دوران حراست میں لئے جانے والے سید وصی الدین کی رہائی کو آل پاکستان مسلم لیگ کی اخلاقی فتح قرار دیا۔
انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید سینئر رہنما جمشید جان عبدالقیوم فیروزہ وارثی ونائلہ انعام کے ہمراہ سید وصی الدین کے گھر جاکر انہیں اور ان کے اہلخانہ کو رہائی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے بحیثیت فوجی سربراہ اس ملک کی حفاظت اور اسے مستحکم بنانے اور بحیثیت صدر پاکستان وطن عزیز کی ترقی و عوام کی خوشحالی کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں۔
پاکستان کے عوام ان کیلئے پرویز مشرف کے شکر گزار و احسانمند ہیں مگر پاکستان کے اختیار واقتدار پر قابض استحصالی عناصر پرویز مشرف کو عوام سے دور کرنے کیلئے ظلم و جبر کے جو پہاڑ توڑ رہے ہیں۔
ان کا شکار مشرف کے ساتھ ساتھ آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان اور محبان پرویز مشرف کو بھی بنایا جارہا ہے مگر جبر کے فسطائی ہتھکنڈے عوام کے دل سے مشرف کو نہیں نکال سکتے۔